لاہور : عید الاضحیٰ کے پہلے روز گیسٹرو، ڈائریا کے سیکڑوں مریض رپورٹ

Published On 30 June,2023 01:05 pm

لاہور : (دنیانیوز) لاہوریے بسیارخوری سے باز نہ آئے ، عید الاضحی کے پہلے دن سیکڑوں مریض گیسٹرو، ڈائریا کے ساتھ رپورٹ ہوئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں معدے کے انفیکشن، ڈائریا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ، پہلے روز شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں دو ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، میو ہسپتال میں 4 سو سے زائد مریض گیسٹرو، ڈائریا اور پیٹ درد کے ساتھ آئے جبکہ جناح ہسپتال میں تقریباً 3 سو کیسز رپورٹ ہوئے ۔

جنرل اور سروسز ہسپتال میں دو سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ، اسی طرح گنگارام اور میاں منشی ہسپتال میں بھی سیکڑوں مریض لائے گئے ، میڈیکل سٹورز پر بھی سیکڑوں مریضوں نے سیلف میڈیکیشن لی ۔

ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر خالد خان کاکہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر بسیارخوری سے معدے کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، معدے و جگر کے مریض جلدی عید کا گوشت کھانے سے متاثر ہوتے ہیں ، ایسے مریضوں کو چاہیے کہ عید کا گوشت سبزیوں کے ساتھ کھائیں۔

پروفیسر خالد خان نے مزید کہا کہ سو گرام سے زیادہ گوشت نہ کھایا جائے ، دہی، لیموں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔