لاہور: (دنیا نیوز) عید الاضحیٰ کے پہلے 2 دنوں کے دوران ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں معدے کے انفیکشن، ڈائریا کے مریضوں کے تعداد بڑھ گئی۔
پہلے 2 روز شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 2 ہزار کے قریب مریض رپورٹ ہوئے، میو ہسپتال میں 650 سے زائد مریض گیسٹرو، ڈائریا اور پیٹ درد کے ساتھ آئے، سروسز ہسپتال میں 600 کے قریب گیسٹرو کے مریض آئے جن میں 250 مریض بچے شامل تھے۔
جناح ہسپتال میں تقریباً 4 سو، جنرل ہسپتال میں 100 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، گنگارام اور میاں منشی ہسپتال میں بھی 200 کے قریب مریض رپورٹ ہوئے جبکہ میڈیکل سٹورز پر بھی سیکڑوں مریضوں نے سیلف میڈیکیشن لی۔
طبی ماہرین کے مطابق عیدالاضحیٰ پر بسیارخوری سے معدے کی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، معدے و جگر کے مریض عیدالاضحیٰ کا گوشت ایک خاص حد سے زیادہ کھانے سے متاثر ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عید کا گوشت سبزیوں کے ساتھ کھائیں، سو گرام سے زیادہ گوشت نہ کھایا جائے، دہی، لیموں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔