خضدار: ہیضے کی وباء بے قابو ہونے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

Published On 09 July,2023 07:03 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہیضے کی وباء بے قابو ہونے کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ڈی جی ہیلتھ  نے خضدار کے تمام ہسپتالوں کو ایمرجنسی سے متعلق مراسلے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آڑنجی میں ہیضہ سے متاثر شدہ علاقہ میں امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں ڈاکٹرز اور ادویات کے ہمراہ پہنچ گئی ہیں، لسبیلہ سے بھی ٹیمیں متاثرہ علاقے روانہ کردی گئی ہیں۔

ڈی جی ہیلتھ نور محمد قاضی نے مزید کہا ہے کہ آڑنجی میں ہیضے سے اب تک 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک درجن سے زائد متاثر ہیں، ہیضے سے متعلق مکمل تشخیص تاحال باقی ہے، علاقے میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے مشکلات کا سامنا ہے، ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔