ڈینگی کا پھیلاؤ تیز، پنجاب میں مزید 53 نئے کیسز رپورٹ

Published On 28 August,2023 11:49 am

لاہور : (دنیانیوز) سیکرٹری پرائمری ہیلتھ پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 53 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 980 ہوگئی۔

سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق رواں سال صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی کے 341 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز 19 نئے مریض سامنے آئے ، ضلع کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 10 مریض زیر علاج ہیں۔

اسی طرح راولپنڈی میں گزشتہ روز 9 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد کل 150 کیسز رپورٹ ہوئے ۔

رواں سال فیصل آباد میں ڈینگی کے کل 82 مریض رپورٹ ہوئے ، فیصل آباد میں گزشتہ روز 7 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ، ضلع اٹک میں ڈینگی کے کل 14 مریض رپورٹ ہوئے ، گزشتہ روز 5 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔

سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق رواں سال ملتان میں کل 140 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے، ملتان میں گزشتہ روز 4 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران قصور، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، بہاولپور ، منڈی بہاوالدین اور جہلم میں ڈینگی کا ایک، ایک نیا مریض سامنے آیا۔

پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 37 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2678 بیڈ مختص کئے گئے ہیں ، پنجاب کے ہسپتالوں میں 30 بیڈز ڈینگی مریضوں کے زیر استعمال ہیں ۔

سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔