اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ صحت نے اویسٹن انجکشن میں انفیکشن آنے کا نوٹس لیتے ہوئے انتباہ جاری کر دیا اور پانچ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
محکمہ صحت نے ’دنیا نیوز‘ کی خبر پر ایکشن لیا، اویسٹن انجکشن میں انفیکشن آنے پر محکمہ صحت کے دونوں وزراء حرکت میں آگئے، پروفیسر اسد اسلم کی سربراہی میں پانچ رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی، محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر نے پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے مریضوں کو انتباہ جاری کردیا۔
نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کمیٹی نے ہر زاویئے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، واقعے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں گے، ہم صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
وزیر پرائمری صحت ڈاکٹر جمال ناصر کے مطابق تمام میڈیکل سٹوروں سے ادویات کا سٹاک واپس منگوا لیا گیا ہے، اویسٹن انجکشن کو ڈی ٹی ایل کے لئے ریفر کردیا ہے، میڈیکل سٹوروں کو فون کرکے مریضوں کو انجکشن نہ لگانے بارے ہدایت کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے مزید بتایا ہیلتھ کیئر کمیشن نے ٹھوکر نیاز بیگ میں انجکشن بنانے والی جگہ سربمہر کر دی ہے، جعلی انجکشن بنانے میں 2 افراد ملوث ہیں، گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کو جعلی انجکشن بنانے والے دونوں افراد کی گرفتاری کی ہدایت کر دی ہے، دونوں افراد جعلی انجکشن بناکر 1200 روپے میں فروخت کرتے تھے، اصل انجکشن کی قیمت 40 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک ہے۔