پنجاب میں معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں : ڈاکٹرجمال ناصر

Published On 05 October,2023 02:12 pm

لاہور: (دنیانیوز) نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈی ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ معیاری ادویات کی دستیابی پنجاب کے عوام کا بنیادی حق ہے، اسے یقینی بنانے کے لئے ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی ضرورت ہے، پاکستان مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے، علاج معالجے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے، فارماسیوٹیکل کمپنیاں اور دیگر سٹیک ہولڈرز ادویات کی قیمتوں میں کمی کے لئے باہمی مشاورت سے نظام وضع کریں،ہماری بقا پاکستان کی بدولت ہے، دوا ساز ادارے مشکل صورتحال میں مفادات سے بالاتر ہو کر کام کریں، شعبہ طب کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت اور دواسازی اس کا اہم جزو ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی ادویات تیار کر کے فارما سیوٹیکل انڈسٹری کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے،معیاری دوائیں نہ بنانے والی کمپنیوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ۔

نگران صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ تمام کیسز کی سماعت میرٹ پر کی جا رہی ہے،معیاری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ہم اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

صوبائی ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ محمد اقبال اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز ڈاکٹر قلندر خان،ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل، ادویات سازی کے ماہرین اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔