لاہور : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے وار جاری ہیں ۔
محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 58 کیسز سامنے آئے جبکہ پنجاب بھر میں 155 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
رواں سال لاہور میں ڈینگی کے ایک ہزار 907 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔
اس حوالے سے سیکرٹری صحت پنجاب علی جان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 188 مریض زیر علاج ہیں، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 69 مریض داخل ہیں۔
محکمہ صحت نے ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں ، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔