پاکستان اور سعودی وزارت صحت ویکسین کی تیاری میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پر کام کریں گی

Published On 09 October,2023 05:22 pm

قاہرہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ صحت ڈاکٹر ندیم جان اور سعودی عرب کے وزیرِ صحت فہد بن عبدالرحمان الجلاجیل کے مابین قاہرہ میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں سعودی وزارت کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران سعودی وزیر صحت نے دونوں ملکوں کے مابین صحت کے شعبے میں تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ممالک کی وزارت صحت ویکسین کی تیاری میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا جس پر ڈاکٹر ندیم جان نے سعودی وزیر صحت کا پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات لینے پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں وزراء کے مابین نرسنگ اور پیرا میڈیکس کے شعبے میں تکنیکی معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر صحت ندیم جان نے بتایا کہ سعودی وزیر صحت اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی وفد پاکستان بھیجے گا، یہ وفد سفارشات اور معاہدے کو حتمی شکل دے گا۔

ندیم جان نے سعودی وزیرِ صحت کو فارما پاک کے منصوبے سے آگاہ کیا جس کے تحت پاکستان میں ادویات کی تیاری کو فروغ دیا جائے گا، سعودی ویز صحت نے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

وزیر صحت نے کہا کہ پہلی عالمی ہیلتھ سکیورٹی سمٹ یکم دو دسمبر کو منعقد کرا رہے ہیں، جس پر سعودی وزیر صحت نے اس اقدام کو بھرپور سراہا، گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کی کامیابی کیلئے سعودی وزیر صحت نے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔