قصور: (دنیا نیوز) بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور کے ایم ایس کے ناروا سلوک اور گالیاں نکالنے کے خلاف 62 ڈاکٹرز نے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق استعفیٰ دینے والوں میں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، سرجنز، اور کنسلٹنس شامل ہیں، تمام ڈاکٹرز کے مشترکہ استعفیٰ دینے سے بلھے شاہ ہسپتال کی ایمر جنسی سمیت تمام ڈیپارٹمنٹس کو تالے لگنے سے مریض خوار ہوگئے۔
ڈاکٹرز نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے تبادلے تک استعفے واپس نہیں لیں گے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے کہ بابا بلھے شاہ ہسپتال کے ڈاکٹرز مریض کو چیک کر کے ان پر احسان کرتے ہیں، لاکھوں میں تنخواہیں لی جا رہی ہیں لیکن اسکے باوجود ڈیوٹی اوقات میں بھی اپنے پرائیویٹ کلینک کی فکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن مریضوں کو ہسپتال میں چیک نہیں کرتے ان مریضوں کو اپنے پرائیویٹ کلینک پر چند سو روپے میں بہترین طریقے سے دیکھتے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال میں 4 ایسے ڈاکڑز ہیں جو انتشار پھیلا رہے ہیں اور پورے ہسپتال کو یرغمال بنائے بیٹھے ہیں، یہی چار ڈاکڑز 70 ڈاکڑز کو ہڑتال کرنے پر مجبور کر رہے ہیں،ہسپتال میں کوئی بھی ایم ایس کام کرنے والا آیا اسکے خلاف ہمیشہ انہوں نے ہڑتال کی۔