کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے جناح ہسپتال میں کی جانے والی روبوٹک سرجری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا ہے کہ روبوٹ کے ذریعے پتے کی سرجری محض پیسے کا ضیاع ہے، ایک سرجری پر تقریباً 1500 سے 2000 ڈالر خرچ آتا ہے جو تقریباً ساڑھے 4 سے 5 لاکھ روپے بنتا ہے جبکہ نارمل طریقے سے اس ہی سرجری پر انتہائی کم خرچ آتا ہے۔
نگران وزیر صحت کا کہنا تھا کہ روبوٹک سرجری کا انتہائی غلط اور مہنگا استعمال ہے، پیسے کے فضول خرچ کو روکنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت سندھ نے روبوٹس کی مزید خریداری کو روک دیا ہے، ایک روبوٹ پر آنے والی لاگت سے کئی چھوٹے بڑے ہسپتالوں کی حالت بہتر کی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا کہنا تھا کہ عوام کو مفت و سستی بنیادی صحت کی سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔