پنوعاقل: (دنیانیوز) پنوعاقل کی حدود جمعو بھٹو باغ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں بین الصوبائی گینگ کا اہم خطرناک کارندہ ہلاک ہوگیا ۔
ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق مبینہ مقابلے میں چار ڈاکو فرارہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔
ایس ایس پی سکھرکا بتاناہے کہ ہلاک ڈاکو سندھ اور پنجاب میں 11 پولیس جوانوں کی شہادت میں ملوث تھا، سندھ پنجاب میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے گینگسٹر خطرناک ڈاکو جانو انڈھڑ اور چھوٹو مزاری گینگ کا اہم ترین کارندہ اور گینگ کا کمانڈر تھا۔
ایس ایس پی سکھر کے مطابق ہلاک ڈاکو سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں اغواء برائے تاوان، دہشت گردی، پولیس حملوں ، ہائی وے رابری ، قتل ، اقدام قتل ، سرکاری املاک کے نقصان سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ایس ایس پی سکھرکا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت سانول عرف ساون سکھانی کے نام سے ہوئی ہے، ڈاکو کے قبضے سے کلاشنکوف میگزین اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں ۔
ہلاک ڈاکو کے مزید کرمنل ریکارڈ کی معلومات تھانوں اور مختلف اضلاع سے حاصل کی جا رہی ہے۔