لاہور سمیت پنجاب بھر پر ایک اور جان لیوا وائرس کا خطرہ منڈلانے لگا

Published On 02 October,2023 09:44 am

لاہور : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں ایک اور جان لیوا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ منڈلانے لگا، محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ خطرناک وائرس نیپاہ ہمسایہ ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے، خدشہ ہے یہ وائرس پاکستان میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

مراسلے کے مطابق نیپاہ وائرس کی کوئی ویکسین نہیں اور اس کے باعث انسانوں میں اموات کی شرح 74فی صد ہے، نیپاہ وائرس سے متاثرہ شخص بروقت علاج نہ ہونے پر تین سے چار روز میں کوما میں جاسکتا ہے۔

ابتدائی تحقیق کے مطابق یہ وائرس چمگادڑوں اور خنزیروں سے انسانوں میں منتقل ہوا، نیپاہ وائرس کی ابتدائی علامات کھانسی کا آنا،سانس لینے میں دشواری ، تیز بخار ، جھٹکے لگنا ،دماغی حالت خراب ہونا شامل ہیں۔

محکمہ صحت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ تمام مشتبہ نیپاہ سے متاثرہ مریضوں کا ڈیٹا بروقت ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کیا جائے، تمام نجی و سرکاری ہسپتالوں میں اس وائرس کی گائیڈلائنز بتائی جائیں، مریضوں اور مشتبہ متاثرین کو الگ رکھ کر ان کی نگرانی کی جائے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بروقت تحقیقات اور سیمپل کو اکھٹا کرکے پی سی آر کے لیے لیبارٹری بھجوایا جائے۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی شہری میں نیپاہ کی علامات پائی جائیں تو فوری قریبی ہسپتال کا رخ کریں، اس کے علاوہ تمام شہری پھلوں کو اچھی طرح دھو کر کھائیں۔