کشمور: (دنیانیوز) پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی ، مختلف کارروائیوں میں دہشت کی علامت سمجھے جانیوالے ڈاکو سمیت 3 ملزمان گرفتار کر لیےگئے ۔
پولیس کا کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن جاری ہے ، ایس ایس پی کشمور روحل کھوسہ کی ہدایات پر پولیس نے الگ الگ تین کارروائیاں کیں ، پہلی کارروائی میں پولیس نے اشتہاری ملزم اعجاز احمد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے دوسری انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں 11 مقدمات میں مطلوب ملزم اصلاح بنگوار کو گرفتار کر لیا ، گرفتار ملزم اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
کچے کے علاقے میں پوليس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، مقابلے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا، ایس ایس پی کشمور کا بتانا ہے کہ ہندو نوجوان ساگر کمار کے اغوا میں ملوث ڈاکو رحیمن دشتی گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کشمور روحل کھوسہ کاکہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو متعدد اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی اور رہزنی کی 30 سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔