لاہور : (ویب ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں ڈکیتی ،سٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری سمیت 90ہزار سے زائد وارداتیں ہوئیں جبکہ مبینہ پولیس مقابلے بھی وارداتوں میں کمی نہ لا سکے ۔
تفصیلات کے مطابق رواں برس کے پہلے 9 ماہ کے دوران گھروں میں ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی16ہزار 674 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھیننے کی13ہزار 424 وارداتیں ہوئیں، کار، موٹر سائیکل اور دیگر وہیکل چوری کی38 ہزار 925 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔
گزشتہ سال کی نسبت شہر میں جرائم کی شرح میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 16افراد کو موت کے گھاٹ بھی اتارا گیا، رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں اغوا برائے تاوان کی 10وارداتیں ہوئیں جبکہ گزشتہ سال کے پہلے نو ماہ کے دوران اغواء کاروں نے 7افراد کو تاوان کیلئے اغواکیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق رواں سال غیر ت اور دیرینہ دشمنی پر 377افراد کو قتل کر دیا گیا، رواں سال پولیس مقابلوں کےدوران لاہورمیں 80 جبکہ پنجاب بھر میں 283 جرائم میں ملوث افراد مارے گئے۔