کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فائرنگ کے واقعات میں بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل سکیم 33 میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ تبادلے کے دوران 2 موٹر سائیکل لفٹرز کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزم راغب اور شاہ رخ موٹر سائیکل کی چوری اور چھیننے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ادھر سہراب گوٹھ الآصف سکوائر کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم آصف اور رفیع اللہ شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران پولیس موقع پر پہنچ گئی، ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں ملزم آصف زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھی رفیع اللہ کو تعاقب کے بعد گرفتار کیا گیا۔
ملیر میمن گوٹھ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر مسافر بس کے اندر کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا، ملزم فرمان اور بدر السلام کے سامان کی تلاشی کے دوران ڈیڑھ کلو کرسٹل منشیات برآمد ہوئی، منشیات کو بیگ کے خفیہ خانوں میں مہارت کے ساتھ چھپایا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان منشیات پشاور سے لاکر کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے جبکہ مومن آباد فقیر کالونی میں بھی کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش کو دھر لیا گیا، ملزم نزاکت علی سے آدھا کلو سے زائد چرس برآمد کر لی گئی۔
لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 5 سالہ بچہ اویس زخمی ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے بلوچ گوٹھ اور اجتماع گاہ کے قریب الگ الگ ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر آصف خان اور عبدالخالق نامی شہری زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کے تلاش شروع کر دی ہے۔