مستونگ واقعے میں بھارت ہی ملوث ہو گا، تحقیقات میں پتہ چل جائے گا: گورنر سندھ

Published On 30 September,2023 01:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہاؤس میں میلاد مصطفیٰ ؐ کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں نگراں وزیر اعلیٰ سندھ، ایم کیوایم کے رہنما، آئی جی سندھ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

محفل میلاد محمدؐ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یوم ولادت رسول ؐ منانا اور محبت رسولؐ رکھنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، یہ دن دنیا میں محبت بانٹنے کا دن ہے، میری بحیثیت گورنر تعیناتی بھی اسی بابرکت دن ہوئی، افسوس آج مستونگ واقعہ پیش آیا اور معصوم انسانوں کی جان چلی گئی، بابرکت دن پر مستونگ واقعہ پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے: طاہر اشرفی

قبل ازیں پریس کانفرنس کے دوران کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مستونگ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، حالیہ دنوں کینیڈا میں بھارتی ایجنسی "را" ملوث تھی، پہلی بار شواہد بھی ہیں بھارت کیخلاف اور الزام لگانے والا ملک بھی طاقتور ہے، ہم بھارت کے بارے میں بتاتے رہے ہیں، ہمیشہ ثبوتوں کیساتھ ہم نے بات کی ہے، مستونگ واقعے میں بھی بھارت ہی ملوث ہو گا، تحقیقات میں پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن تو دشمن بھی اس طرح نہیں کرتا، پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جس نے بروقت کارروائی کی ورنہ مزید نقصان ہوتا، ہماری فورسز جب معیشت کیلئے کھڑی ہوئی یہ واقعہ ہوا، یہ طے شدہ پروگرام ہے ہمارے دشمن کا، قوم کو سوچنا ہے کہ آپس میں لڑیں یا ازلی دشمن کا مقابلہ کرنا ہے، دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اداروں کے پیچھے کھڑی ہو جائے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا ہے کہ کب تک یہ ہو گا جب انویسٹمنٹ آتی ہے دہشتگردی کے واقعات ہوتے ہیں، دنیا بھی دیکھ لے کہ کون ہے ایسا ازلی دشمن ہمارا، ہم میں وہ ہمت اور طاقت ہے جس سے وہ ڈرتا ہے، اسی لئے دشمن ڈالر خرچ کرتا ہے، کبھی داعش کبھی معصوم لوگوں کو خریدتا ہے، اب کارروائی ہونی چاہیے، محافظ قدم بڑھائیں پوری قوم ساتھ کھڑی ہے، اب ایک بار ہی ایکشن ہونا چاہیے۔