لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت عالمی دہشت گرد تنظیموں کو ڈالر دے کر پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے، پاکستان کے علما و مشائخ اور عوام دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے مقدس موقع پر معصوم اور نہتے مسلمانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کا کوئی مذہب نہیں، بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والے اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جو ہر وقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے رہتا ہے، ایسے دہشت گردی کے واقعات کروا کر ہماری اور دنیا کی توجہ اپنے اندرونی اور بیرونی مسائل سے ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنا یہ گھناؤنا کھیل صرف پاکستان کیخلاف ہی نہیں کھیل رہا بلکہ اس کی ان سازشوں سے کینیڈا بھی محفوظ نہیں رہا، حال میں ہی کینیڈا میں سکھ رہنماؤں کو قتل کرنے میں "مودی سرکار" اور "را" براہ راست ملوث پائے گئے ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس وقت بھارت دنیا میں ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر جانی جاتی ہے، بلوچستان کے اندر دہشت گردی کرانے کے ناقابل تردید ثبوت پاکستان پہلے بھی دنیا کو دکھا چکا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ کلبھوشن یادیو رنگے ہاتھوں بلوچستان میں دہشت گردی کرتے ہوئے پکڑا جا چکا ہے، ریاست پاکستان، سلامتی کے ادارے، سیاسی و مذہبی قائدین اور عوام الناس دشمن کی اس سازش کا مقابلہ کر رہے ہیں۔