خود کش دھماکوں پر استحکام پاکستان پارٹی کا ردِ عمل بھی آگیا

Published On 29 September,2023 07:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے خود کش دھماکوں پر استحکام پاکستان پارٹی کا بھی ردِ عمل آگیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اس دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے مستونگ اور ہنگو میں ہونے والے خود کش دھماکے روح فرسا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ژوب میں سکیورٹی اداروں کی کارروائی نے دشمن کے حملے کو ناکام بنا دیا، ژوب میں سکیورٹی اداروں نے بتا دیا کہ ملک کا حفاظتی حصار ناقابل تسخیر ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردی کی کارروائیوں سے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، دھماکوں نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے، ڈی ایس پی نواز گشکوری شہید بہادر اور ویل "ڈیکوریٹڈ" افسر تھے، انہوں نے عید میلاد النبیؐ کے روز شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اس بہادر سپوت کی بہادری پر فخر ہے، دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، امید ہے کہ محافظان وطن دہشت گردی کے ان واقعات پر جلد قابو پا لیں گے، استحکام پاکستان پارٹی کی لیڈر شپ دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔