پاکپتن: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنا میرا شوق ہے، عوامی خدمت کا موقع ضائع نہیں کریں گے۔
سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا میرا شوق ہے، یہ بات میر ے دل سے نکلتی ہے، اللہ نے ہمیں بہت نوازا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ مستحق لوگوں کی خدمت کریں، ہمارا فرض ہے کہ عوام کے حالات ٹھیک کریں، ہماری پرانی پارٹی میں کچھ ایسے لوگ آگئے کہ ہم عوام کی خدمت نہیں کرسکے، اب دوسری بار ہمیں موقع ملا ہے، اسے ضائع نہیں کریں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ عوام کا یہ حق ہے کہ حکومت وقت ان کے مسائل حل کرے، ہم پاکستان کو طاقتور بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، جب عوام کے حالات ٹھیک ہوں تو ملک مضبوط ہو گا، اللہ نے موقع دیا تو ہم مل کر ایسا کام کریں گے کہ عوام کے مسائل حل ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 75 سال گزر گئے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا کہ عوام صحت اور بنیادی سہولتوں سے محروم رہتے، اگر عوام کو یہ سہولتیں نہیں ملیں تو اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اقتدار میں رہے، دعا کریں کہ ہم دنیا میں جا کر ان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا حصہ ڈالیں، ہماری پارٹی کو صرف عوام کا خیال ہے۔