شاہدرہ کے قریب ریلوے برج کا پلر گرنے سے ٹرین سروس معطل

Published On 29 September,2023 05:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق شاہدرہ کے قریب ریلوے پل کا ایک پلر گر گیا، جس کے باعث ٹرین آپریشن کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے عملہ پلر گرنے کے وقت معائنہ پر موجود تھا، عملے کی بروقت اطلاع پر ٹرین آپریشن معطل کرتے ہوئے پل کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

سی ای او ریلوے اور ڈی ایس لاہور عملہ سمیت موقع پر پہنچ گئے، پل پر ٹریفک 72 گھنٹے میں بحال ہو جائے گی، اس دوران ٹرینوں کو مین لائن اور وزیر آباد کی طرف سے ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث لاہور سے کندیاں کے درمیان چلنے والی ماڑی ایکسپریس جبکہ فیصل آباد سے لاہور کے درمیان چلنے والی بدر اور غوری ایکسپریس کو منسوخ کیا گیا ہے۔

کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی قراقرم ایکسپریس کو ساہیوال کے راستے روانہ کیا گیا ہے، شالیمار اور میانوالی ایکسپریس کے راستے بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔