پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیاروں میں فنی خرابیاں بڑھنے لگیں

Published On 29 September,2023 06:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 طیاروں میں فنی خرابیوں میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے طیاروں کی مینٹی ننس صحیح نہیں کی جا رہی، سعودی عرب جانیوالی پروازوں میں مسلسل خرابی پیدا ہو رہی ہے، ایک طیارے پر پی آئی اے کو لاکھوں ڈالر کے اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔

بوئنگ 777 کے 2 طیاروں میں مسلسل خرابی پیدا ہو رہی ہے، جدہ سے لاہور آنیوالی پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوئی، طیارہ اڑان بھرنے کیلئے بورڈنگ برج سے پش بیک ہو رہا تھا کہ معاون پاور یونٹ اے پی یوہیٹ اپ ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق کپتان نے ایمرجنسی بریک لگا کر فائر بوٹل کا استعمال کیا، مسافروں کو لاؤنج منتقل کر دیا گیا تھا، طیارے کے ٹیل پر لگے ہوئے اے پی یو ہیٹ اپ ہونے پر فائر بوٹل استعمال کی گئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق فائر بوٹل پاکستان سے روانہ کر کے طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، پرواز 24 گھنٹے سے زائد تاخیرکا شکار ہوئی، مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پی آئی اے کا یہ دوسرا 777 بوئنگ طیارہ ہے۔

سیالکوٹ سے جدہ جانیوالے طیارے کے کاک پٹ میں بار بار سموگ وارننگ آئی تھی، مسافروں کو سعودی عرب کے وقت کے مطابق جدہ سے لاہور کیلئے روانہ کر دیا جائے گا۔