پی آئی اے کی نجکاری: ادارے کی تنظیم نو کا عمل تیز، مالی مشیر کی خدمات طلب

Published On 21 September,2023 07:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری سے قبل ادارے کی تنظیم نو کا عمل تیز کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو دو کمپنیوں میں تقسیم کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ضروری بیلنس شیٹ ری سٹرکچرنگ کیلئے مالی مشیرکی خدمات بھی طلب کر لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری سے قبل ریگولیٹر ادارہ بنانے کا فیصلہ

پی آئی اے کی مالی تنظیم نو کیلئے مختلف منصوبوں پر مالی مشیر سے تجاویز لی جائیں گی، پی آئی اے کو دو کمپنیوں میں تقسیم کرنے یا پی آئی اے کو ایک ہولڈنگ کمپنی کے ماتحت ادارہ بنانے کی تجاویزشامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے تمام اثاثے بشمول جائیدادیں، تمام قرضہ جات، جہاز اور ملازمین نئی کمپنی کو منتقل کر دیے جائیں گے۔

پی آئی اے بحیثیت مالی طور پر صاف یا قرضوں سے پاک کمپنی کو نجکاری کیلئے سرمایہ کاروں کو پیش کیا جائے گا۔