سیاحت روزگار کی فراہمی، برآمدات میں اضافے کا ذریعہ ہے: گورنرسندھ

Published On 27 September,2023 11:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سیاحت سماجی، ثقافتی اور اقتصادی حالات پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔

عالمی یوم سیاحت پر محکمہ سیاحت سندھ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سیاحت روزگار کی فراہمی، برآمدات میں اضافے اور عالمی سطح پر خوشحالی کو پھیلانے کا ذریعہ ہے۔

گورنر سندھ نے بتایا کہ ایک سروے کے مطابق مجموعی عالمی جی ڈی پی میں سیاحت کا حصہ 2025ء تک 10.5 فیصد اور روزگار 9.4 فیصد ہو جائے گا، سیاحت کا فروغ کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی میں مفید ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کرنسی کا حصول، روزگار کے مواقع، چھوٹے کاروبار،علاقائی ترقی میں اضافہ اور کلچر کے فروغ میں بھی سیاحت کا کردار بہت اہم ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں سیاحت روزگار کے حوالے سے دوسری بڑی صنعت ہے، پاکستان محل وقوع کے اعتبار سے سیاحوں کیلئے جنت ہے۔