سانحہ بلدیہ کیس: سندھ ہائیکورٹ نے صوبہ بھر کے اشتہاری ملزموں کی فہرست طلب کرلی

Published On 25 September,2023 05:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے صوبے بھر کے اشتہاری ملزموں کی فہرست طلب کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا سانحہ بلدیہ کیس کے اشتہاری ملزم حماد صدیقی سمیت تین ملزموں کے پاسپورٹ، شناختی کارڈ فوری منسوخ کئے جائیں، اشتہاری ملزموں حماد صدیقی، تقی حیدر شاہ اور خرم نثار کے بینک اکاؤنٹس فوری فریزکئے جائیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے کہا محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پرحماد صدیقی کے ریڈ نوٹس جاری کئے گئے ہیں، وفاقی سیکرٹری داخلہ حماد صدیقی دوہری شہریت رکھتے ہیں ان کے پاس کتنے ممالک کے پاسپورٹ ہیں اس حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی جائے، ملزم تقی حیدرشاہ کے ریڈ نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں، عدالت نے کہا احکامات کے باوجود منسٹری آف فارن افیئرز کی جانب سے پیش رفت رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی۔

عدالت نے سیکرٹری منسٹری آف فارن افیئرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے دوہری شہریت کے حامل خرم نثار سے متعلق بھی رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے کہا پراسکیوٹر جنرل سندھ آئی جی سندھ پولیس کے ساتھ ملکر صوبے بھر کے اشتہاری ملزموں کی فہرست پیش کریں، ان اشتہاری ملزموں کی فہرست بھی پیش کی جائے جوملک سے فرار ہو چکے ہیں۔