شکارپور : (دنیانیوز) حساس اداروں کی اطلاع پر پولیس نے قومی شاہراہ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سندھ سے یوریا کھاد، اور چینی افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران چینی اور کھاد کے 11 ٹرک قبضے میں لیے گئے ہیں ، جن میں 7 ٹرک، 280 ٹن چینی اور چار ٹرک 54 سو یوریا کھاد کے بیگ شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چینی اور کھاد سندھ کے مختلف شہروں سے افغانستان منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، حساس اداروں کی اطلاع پر نیو فوجداری تھانے کی پولیس نے قومی شاہراہ پر کارروائی کی ہے۔
پولیس کے مطابق چینی اور کھاد کو سرکاری تحویل میں لے کر محکمہ خوراک کے گوداموں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار 4 ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کاروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کاکہنا ہے کہ اس گھناؤنے اقدام میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی ۔