کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ نہ آنے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، قوم کو ابہام سے فوری طور پر نکالا جائے۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ الیکشن کی تاریخ ابھی تک نہیں آئی، قوم کو ابہام سے نکالیں، الیکشن کی تاریخ نہ آنے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، کسی پارٹی پر کوئی قدغن نہیں سب کو الیکشن میں حصہ لینے کی آزادی ہے، الیکشن تاریخ کا نہ آنا قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔
نثارکھوڑو نے کہا الیکشن کمیشن نے بتا دیا ہے کہ نوے دن میں الیکشن نہیں ہو رہے، سندھ کے ساتھ رویہ ٹھیک نہیں رکھا گیا، دوسرے صوبوں کی نگران حکومت کو کئی ماہ ہوچکے، کسی صوبے میں ترقیاتی کاموں پر پابندی نہیں، الیکشن کمیشن نے سندھ کے لئے کہا کہ ترقیاتی سکیمیں 15 اگست کے بعد کی ہیں، بجٹ میں شامل اور منظورشدہ سکیموں کے فنڈز کو منجمد کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نے کہا ایکنک کے ذریعے نئی نگران حکومت ترقیاتی سکیمیں منظور کر رہی ہے، جب نشستیں وہی رہیں گی کوئی تبدیلی نہیں ہونی تو پھر دیر کیوں، پاکستان کے لوگ جلد سے جلد الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں۔