ہم کسی کے کندھوں پر نہیں عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے: محمد علی شاہ باچا

Published On 24 September,2023 04:36 pm

صوابی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کے کندھوں پر نہیں عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے۔

محمد علی شاہ نے کہا کہ ورکرز میں پائی جانے والی مایوسیوں کا خاتمہ کریں گے، پارٹی فیصلے میرٹ پر ہوں گے، محرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے تو پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، جس دن میں ورکرز کی خدمت میں ناکام ہوا پارٹی عہدہ چھوڑ دوں گا، پاکستان کی تاریخ میں ایسی غیر یقینی صورتحال پہلے نہیں دیکھی، نہ ریاست کے کندھوں پر اور نہ کسی اور کے کندھوں پر اقتدار میں آئیں گے۔

پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نے کہا طاقت کا سر چشمہ صرف عوام ہیں اور عوام کی خدمت سے اسمبلیوں میں پہنچیں گے، یہاں پر دیگر پارٹیوں والے قوم پرستی کی بات کرتے ہیں، پختونوں کی بات کرتے، مذہب کی بات کرتے ہیں، نعرے صرف دوسری پارٹیوں نے لگائے اور عملی کام پیپلز پارٹی نے کئے، آج اگر زرداری صاحب نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری نہ دی ہوتی تو وزیراعلیٰ آج اتنا خودمختار نہ ہوتا۔

محمد علی شاہ باچا نے کہا جو بندے پانچ سال پارٹیوں میں وزیراعلیٰ رہے آج وہ پھر حکومت میں آنے کے دعویدار ہیں، جو اپنے لیڈر سے وفا نہ کرسکے وہ عوام کی کیا خدمت کریں گے، آج یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پرویز خٹک اور محمود خان آرہے ہیں، ہم کسی کے کندھوں پر نہیں عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے۔