ڈینگی کا پھیلاؤ تیز، لاہور میں مزید 46 افراد وائرس کا شکار

Published On 06 October,2023 09:19 am

لاہور : (دنیانیوز) ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے لگا، صوبائی دارالحکومت میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 46 نئے مریض سامنے آگئے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی وائرس کی شدت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے168مریض رپورٹ ہوئے۔

اعدادوشمار کے مطابق رواں سال لاہور میں ڈینگی کے ایک ہزار 953 کنفرم مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں ڈینگی کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4ہزار 999 تک پہنچ گئی ہے۔

سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کا کہنا ہے کہ ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 50 مریض زیر علاج ہیں،پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 129 مریض داخل ہیں

سیکرٹری صحت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں۔