پنجاب : مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ،17 زخمی

Published On 06 October,2023 09:06 am

لاہور : (دنیانیوز) پنجاب کے دو مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 2افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 17 شدید زخمی ہوئے ہیں ۔

ضلع شیخوپورہ کے شہر مانوالہ میں دو بسوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے ، جہاں فیصل آباد روڈ نزد ولی آئل ولگن جھنڈا کے قریب تیزرفتار بسیں اوور ٹیکنگ کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں ۔

تصادم کے نتیجے میں ایک بس الٹ گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی افراد کوابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔

ایک اور حادثہ لیاقت پور چنی گوٹھ روڈ پر پیش آیا جہاں مسافربس نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی ، جس کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوا ہے ۔

ریسکیو حکام نے زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا۔

ریسکیوذرائع کاکہنا ہے کہ مسافر بس صادق آباد سے فیصل آباد جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی ۔