لاہور : (دنیا نیوز) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے لئے سعودی عرب جانے والے 4 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، ملزمان کو ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر کے حوالے کیا، ملزمان بھیک مانگنے کے لیے متعدد بار سعودی عرب، ایران اور عراق جا چکے ہیں۔
ہیومن اینٹی ٹریفکنگ حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان کو سعودی عرب پہنچنے پر پاکستانی ایجنٹوں نے وصول کرنا تھا، دوران تفتیش ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ بھیک کے ذریعے کمائی گئی رقم کا آدھا حصہ ان کے سب ایجنٹ کو دینا تھا۔
ملزمان اور ایجنٹوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔