اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چھاتی کے کینسر کی آگاہی میں تعاون کیلئے نگران وزیراعظم، وزراء، سینیٹرز، صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے نام خط لکھ دیا۔
صدر مملکت نے چاروں صوبوں کے گورنرز، نگران وزرائے اعلیٰ اور گورنر و وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی خط لکھا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف نے خط میں چھاتی کے کینسر کی آگاہی کیلئے تعاون اور اکتوبر میں گلابی ربن پہننے کی درخواست کی ہے۔
صدر مملکت نے خط میں لکھا چھاتی کے کینسر کے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں آپ کا تعاون خاطر خواہ اثر ڈال سکتا ہے، پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے باعث ہر سال 40 ہزار اموات ہوتی ہیں، پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے باعث اموات کی شرح ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مزید لکھا زیادہ شرح اموات کی وجہ مرض کی دیر سے تشخیص ہونا ہے، اپنا معائنہ خود کرنے کے بارے میں آگاہی سے کئی جانیں بچائی جاسکتی ہیں، اکتوبر کا مہینہ ہر سال چھاتی کے کینسر بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے منایا جاتا ہے، اس مہینے بریسٹ کینسر کی آگاہی سے ہم ایک صحتمند اور باخبر معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔