ڈاکٹر ندیم جان سے بحرین کی ہم منصب کی ملاقات، ہیلتھ کے شعبہ میں تعاون کے عزم کا اظہار

Published On 11 October,2023 06:07 pm

قاہرہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے بحرین کی وزیر صحت ڈاکٹر جلیلہ بنت السید جواد حسن نے ملاقات کی، ملاقات میں ہیلتھ کے شعبہ میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان اور بحرین کی وزیر صحت ڈاکٹر جلیلہ بنت السید جواد حسن نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے عوام اور قیادت میں موجود پرجوش اور سرگرم تعاون کا ذکر کیا، دونوں وزراء صحت نے ہیلتھ کے شعبہ میں بہتری کیلئے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: صحت کے شعبے میں اہداف کے حصول کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا: ڈاکٹر ندیم جان

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق بحرین کی وزیر صحت نے کہا کہ بحرین میں پاکستانی تارکین وطن کے مختلف شعبوں میں کردار کو سراہتے ہیں، ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ نرسنگ اور فزیو تھراپی میں مہارت اور تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے پاکستان میں دسمبر میں ہونے والی گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ کا دعوت نامہ بھی پیش کیا، ڈاکٹر جلیلہ بنت السید جواد حسن نے کہا کہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی کے انعقاد کو بھر پور سراہتے ہیں، ندیم جان نے کہا کہ ہمارا مقصد اقوام عالم کو عالمی وباؤں سے محفوظ بنانا ہے، صحت کے شعبہ میں اصلاحاتی ایجنڈا پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں۔