ذہنی صحت کے بڑھتے مسائل سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے: عارف علوی

Published On 07 November,2023 05:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ذہنی صحت کے بڑھتے مسائل سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ذہنی صحت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ذہنی صحت کے بوجھ پر قابو پانے کیلئے اجتماعی سطح پر اقدامات کرنا ہوں گے، تمام سٹیک ہولڈرز، متعلقہ وزارتیں، وزیراعظم آفس، این جی اوز، تنظیمیں مربوط نقطہ نظر اپنائیں، ذہنی صحت اہم مسئلہ ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا، ملک کی تقریباً 24 فیصد آبادی کو ذہنی صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے، کالجر اور یونیورسٹیوں کے 60 فیصد طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اس صورتحال پر حکومت، ماہرین صحت، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور میڈیا کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں ذہنی صحت کے مسائل سے منسلک سماجی رویئے بدلنے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، لوگوں کو معیاری مشاورت اور مدد فراہم کرنے کیلئے انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، ملک میں ذہنی صحت کے پیشہ ور افراد کی تعداد بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مستقبل کی حکومتوں کو ایسے اقدامات کو جاری رکھنا چاہئے۔