انتخابات 28 جنوری کو کرائیں: صدر، چیف الیکشن کمشنر نے 11 فروری کی تجویز دیدی

Published On 02 November,2023 06:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر صدر مملکت عارف علوی سے الیکشن کمیشن حکام نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

ایوان صدر میں ملک کے آئندہ عام انتخابات کی حتمی تاریخ پر مشاورت کی گئی، صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کی اہم مشاورتی ملاقات میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے۔

وفد میں چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران شامل تھے، وفد نے صدر مملکت سے پولنگ ڈے کے حوالے سے مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کی تاریخ پر اصرار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی پاکستان کو تمام اہداف پر سختی سے عملدرآمد کی تلقین

ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ وفد سمیت صدر ہاؤس سے واپس روانہ ہو گئے۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں وفد واپس الیکشن کمیشن دفتر پہنچ گیا جہاں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری و لیگل ٹیم شریک ہے، اجلاس میں صدر مملکت سے ملاقات کے بعد مشاورت کی گئی، اجلاس میں سپریم کورٹ کے لئے رپورٹ بھی تیار کی گئی ہے۔

اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صدر مملکت عارف علوی کو الیکشن کی تاریخ بارے خط لکھ دیا، خط میں الیکشن کمیشن نے صدر عارف علوی کو 11 فروری کی تاریخ تجویز کر دی۔