سندھ میں رواں سال پولیو وائرس کا دوسرا کیس رپورٹ

Published On 11 November,2023 10:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں رواں سال پولیو وائرس کا دوسرا کیس رپورٹ ہو گیا، 31 ماہ کے افغان بچے سے حاصل سیمپلز کو لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا تھا۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، پولیو وائرس کا دوسرا کیس یونین کونسل گجرو ضلع شرقی رپورٹ ہوا ہے، اس سے قبل ظاہر ہونے والا پولیو کیس بھی افغان بچے میں یوسی گجرو ضلع شرقی سے ہی رپورٹ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی انسداد پولیو مہم 13 نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق بچے کے ویکسی نیشن کارڈ کے مطابق بچے نے آر آئی، او پی وی کی تین خوراکیں لی ہیں، بچے کو شیڈول کے مطابق آئی پی وی کی دو جبکہ ایس آئی اے کی سات سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں نمودار ہوئے پولیو کیسز افغانستان میں پائے جانے والے نمونوں سے مماثلت رکھتے ہیں، وائرس کی جنیاتی ترتیب کا مزید عمل جاری ہے۔