لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب میں ادویات منظور شدہ قیمت سے زائد نرخوں میں فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔
ترجمان وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہیپارن انجیکشن، ٹی بی، مرگی، کینسر اور جان بچانے والی ادویات بلیک میں فروخت کی جارہی تھیں، ٹیگرال مرگی کی دوا 260 روپے ڈبی کی بجائے 1300سے 1400 روپے میں فروخت کی جارہی تھی، ہیپارین انجکشن 975 روپے کی بجائے 1500 سے 3000 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔
ریووٹرل 267 روپے فی ڈبی کی بجائے 700سے 800روپے میں ، ریووٹرل 2 ایم جی کی ڈبی 400 روپے کی بجائے 800 سے 1000 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔
اسی طرح زینکس 5 ایم جی کی ڈبی 278 روپے کی بجائے 1400 روپے میں فروخت ہو رہی تھی، زینکس ون ایم جی ڈبی 502 روپے کی بجائے 4000 روپے میں فروخت ہو رہی تھی، الٹراوسٹ کی ڈبی 3418 روپے کی بجائے 6500 روپے کی فروخت ہو رہی تھی۔
ترجمان وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مزید بتایا کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، منظور شدہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ڈریپ ایکٹ کے مطابق بھاری جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی، منافع خوروں کیخلاف ڈریپ کی ٹاسک فورس بھرپور کارروائیاں کرے گی۔