بیرون ملک سے کراچی آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا کی تشخیص

Published On 08 January,2024 09:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان محکمہ صحت کے مطابق بیرون ملک سے کراچی آنے والے 2 مزید مسافروں میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقے کیچ کا رہائشی 26 سالہ مسافر گزشتہ ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا، دوسرا مسافر 27 سالہ اٹک کا رہائشی جدہ سے کراچی پہنچا تھا۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ دونوں مریضوں میں ممکنہ علامات کے پیش نظر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کیے گئے جو مثبت آئے، نئے کورونا ویریئنٹ جے این ون کی جانچ کے لیے دونوں مریضوں کے نمونے ڈاؤ یونیورسٹی کی لیبارٹری روانہ کر دیئے۔

دونوں مسافروں کو سختی سے قرنطینہ کی ہدایت کے ساتھ گھروں کو روانہ کر دیا گیا ہے، لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد کورونا کی قسم کے بارے میں معلوم ہو سکے گا۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق اس سے قبل بھی بیرون ملک سے 4 مسافروں میں ممکنہ کورونا کی تشخیص کی گئی تھی، چاروں مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج مثبت آگئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ 4 سے 5 روز میں موصول ہوتی ہے۔