کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات ایک بار پھر پاکستانی عوام کی مدد میں پیش پیش، یو اے ای حکومت نے پاکستان کے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کیلئے ہیلتھ سیکٹرمیں اہم اقدامات اٹھا لیے۔
یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے یواے ای ہلال احمر کے وفد سے ملاقات کی، ہلال احمر اماراتی وفد نے شیخ زید ویمن ہسپتال لاڑکانہ کا دورہ کیا، اس موقع پر ہسپتال کی او پی ڈی، لیبر وارڈز، زچہ بچہ وارڈ کی تزئین و آرائش و مرمت کے کام کا جائزہ لیا گیا۔
یو اے ای قونصل جنرل نے مقامی لوگوں کے لیے ہسپتال کو ہلال احمر کی طرف سے بہت بڑا تحفہ قرار دیا، ہسپتال کی مقامی انتظامیہ نے یو اے ای گورنمنٹ کی طرف سے جدید آلات کی فراہمی اور ہسپتال کی جدید طرز تعمیر پر شکریہ ادا کیا۔
بخیت عتیق الرومیتی نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے ہیلتھ سیکٹرمیں مریضوں کو بلاتعطل علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں، شیخ زید ویمن ہسپتال لاڑکانہ کے قیام کا مقصد شہر کی پسماندہ آبادی کو صحت کی جدید ترین سہولیات بلامعاوضہ فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے قیام کا مقصد ان افراد کی مدد کرنا ہے جو صحت کی سہولیات حاصل کرنے کی استعداد نہیں رکھتے، اماراتی حکومت پاکستان سے دوستی و محبت کا دلی احترام کرتی ہے۔