کوئٹہ: (دنیا نیوز) سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں مریضوں کیلئے آلات اور ادویات کی خریداری کیلئے محکمہ ہیلتھ کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر ینگ ڈاکٹرز نے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
ترجمان ینگ ڈاکٹرز کے مطابق فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بارہا لیٹرز لکھنے پر بھی فنڈز فراہم نہیں کئے گئے، محکمہ فنانس کی طرف سے لیٹرز خارج کرنے کو صوبے کے عوام کے ساتھ دشمنی سمجھتے ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور ٹراما سینٹر کا عملہ الیکشن کی ڈیوٹی کے دوران رسک پر ہیں، ڈاکٹرز کبھی بھی زخمی مریضوں کے لواحقین کے ساتھ جھڑپ نہیں چاہتے، محکمہ فنانس لواحقین اور ڈاکٹروں کو ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں کرنا چاہتا ہے۔
ترجمان ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہنگامی حالات میں بھی فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے اپنے حصے کا مطالبہ کرنا بے حسی کی انتہا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے نتیجے میں کسی بھی جانی نقصان کی ذمہ داری سیکرٹری فنانس اور فنانس ڈیپارٹمنٹ پر عائد ہو گی۔
ینگ ڈاکٹرز کے ترجمان نے کہا کہ اگر کل تک فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ٹراما سینٹر کیلئے فنڈز ریلیز نہ کئے گئے تو ٹراما سینٹر سے تمام تر سروسز کا بائیکاٹ کر دیا جائے گا۔