کوئٹہ، خاران: (دنیا نیوز) مغلزئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی الیکشن آفس اور خاران میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کے گھر پر دستی بم حملے ہو گئے۔
قلات کے علاقے مغلزئی میں ہونے والے دستی بم حملے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تین کارکن زخمی ہو گئے، زخمی ہونے والے کارکنوں میں نصیب اللہ، ظہور احمد اور محمد رمضان شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی کارکنوں کو قریبی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، نامعلوم افراد پیپلز پارٹی کے ضلعی الیکشن آفس پر ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فرار ہوئے۔
دوسری جانب خاران میں مسلم لیگ ن کے امیدوار شعیب نوشیروانی کے گھر پر دستی بم حملہ ہوا۔
پولیس کے مطابق بم گھر کے صحن میں گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھاکے سے گھر کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بلاول بھٹو کی مذمت
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قلات میں پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر پر بم حملے کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کے جیالے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بہادر بھائی بم حملوں سےنہیں ڈرتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بم حملے میں زخمی کارکنوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام سیاسی، سماجی اور معاشی انصاف کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر بم حملے میں ملوث مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔