لوگ انتقام کی سیاست کا خاتمہ، بھٹو، بینظیر کی سوچ پر چلنا چاہتے ہیں: شرجیل میمن

Published On 02 February,2024 07:29 pm

حیدرآباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما شرجیل میمن نے کہا ہے کہ لوگ انتقام اور نفرت کی سیاست کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ چاہتے ہیں، لوگ ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کی سوچ پر چلنا چاہتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 4 فروری کو بلاول بھٹو کے لئے پروگرام کا اہتمام کیا جا رہا ہے، یہ پروگرام انتہائی تاریخی پروگرام ہوگا، عوام اس پروگرام کو کامیاب کریں گے، عوام اپنے قائد کا عظیم الشان استقبال کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عوام جانتے ہیں پیپلزپارٹی ہی مسائل حل کرسکتی ہے: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ عوام کا شعور جاگ گیا ہے، اس بار قوی امکان ہے کہ تمام سیٹیں جیت جائیں گے، پیپلز پارٹی ہر سیٹ سے کامیابی حاصل کرے گی، پنجاب اور کے پی میں بڑی کامیابی ملے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کو بدترین معاشی بدحالی میں مبتلا کیا، نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی اپنی "میں" سے باہر نہیں نکلے، عوام روٹی، کپڑا، مکان، گیس اور بجلی مانگ رہے ہیں، آصف زرداری کہتے ہیں کہ عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دو۔

انہوں نے کہا کہ بہت جھوٹے نعرے عوام نے دیکھ لیے، یہاں بھی ہمارے مدمقابل جماعتوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، لوگوں کو ان کی خواہش پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، کسی کو زبردستی دھاندلی کرنے نہیں دیں گے، سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی، ساؤتھ پنجاب میں بھی پراگریس اچھی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن: سلمان اکرم کی آزاد امیدوار قرار دینے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے الیکشن مہم سب سے پہلے شروع کر کے دیگر کو جگایا، لوگ اب پرانی سیاست کو دفن کرنا چاہتے ہیں، عوام نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی کے نعروں سے تنگ آچکے ہیں جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی عوام کی بات کر رہے ہیں، یہ نئی سوچ پورے ملک میں مثبت انقلاب لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے پیپلز پارٹی کو وفاق میں حکومت بنانے کے لئے آزاد ارکان کی ضرورت پڑے، ہو سکتا ہے کسی جماعت سے بھی بات کریں، ماضی میں بھی ہم نے اسی طرح حکومت بنائی تھی، اگر نمبر پورے ہیں تو بھی دیگر جماعتوں کو ساتھ ملایا جا سکتا ہے، پیپلز پارٹی سنگل میجارٹی بھی لا سکتی ہے۔