اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے کہا ہے کہ تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی، بلوچستان کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی مکمل ہوگئی۔
بیلٹ پیپرز کی طباعت پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے کہا کہ پیپر اور پرنٹنگ حساس معاملہ ہے، ہم نے ووٹرز کا حق ان کے قریب پہنچانا ہے، 14 جنوری سے لے کر آج تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوئی، عام انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے جا رہے ہیں۔
ڈی جی پولیٹیکل نے کہا کہ قومی اسمبلی کیلئے سبز، صوبائی اسمبلی کیلئے سفید کاغذ استعمال کیا، ملک کی تین پرنٹنگ پریسز میں چھپائی ہوئی، پرنٹنگ پریسز میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، 5 فیصد سنگل کالم، 50 فیصد ڈبل کالم اور 30 فیصد تین کالم ہیں، 11.15 فیصد چار کالم اور 2.4 فیصد پانچ کالم بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز کے ساتھ اس مرتبہ فارم 45 بھی پرنٹ کر کے بھیجا جا رہا ہے، 2018 کی نسبت 2024 میں امیدواروں کی تعداد 54.74 فیصد زیادہ ہے، خصوصی کاغذ کی ضرورت 194.75 فیصد زائد ہے، پرنٹنگ کے دوران دس فیصد کاغذ ضائع ہو جاتا ہے۔
ڈی جی پولیٹیکل نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کا سائز کم کر کے خصوصی کاغذ کی ضرورت 24 سو ٹن سے کم کر کے 2170 ٹن تک لائی گئی، سپریم کورٹ میں 49 مقدمات آ چکے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر 16 حلقوں کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی خدشات اور سخت موسم والے علاقوں میں فضائی راستے سے ترسیل کی جا رہی ہے، 31 اضلاع کے علاوہ تمام اضلاع کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل ہو گئی۔