اسلام آباد:(دنیا نیوز)عام انتخابات سے قبل قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 88 امیدوار انتقال کرگئے۔
الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ انتقال کرنے والوں میں قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلیوں کے 79 امیدوار شامل ہیں، قومی اسمبلی اور کے پی صوبائی اسمبلی کے ایک آزاد امیدوار ریحان زیب دہشتگردی کاشکار ہوئے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ این اے 8 باجوڑ اور کے پی اسمبلی کے حلقہ 22 سے آزاد امیدوار کے قتل کے سبب انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں،جس کیلئے نئی تاریخ کا اعلان جنرل الیکشن کے بعد کیا جائےگا۔
الیکشن کمیشن سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 91 کوہاٹ میں انتخابی امیدوار عصمت اللہ کا 30جنوری کو انتقال ہوا جبکہ قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلیوں کے 78 امیدوار حتمی فہرستوں کے اجراءسے قبل وفات پاگئے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کےایک امیدوار قتل اور دوسرے کے انتقال کرجانے سے امیدواروں کی مجموعی تعداد 88ہوگئی، دوسری جانب حتمی فہرستیں کے اجرا سے قبل انتقال کرنے والے 86 امیدواروں کے حلقوں میں انتخابات ملتوی نہیں کئے گئے۔