پیپلزپارٹی نے زمین اور ضمیر بیچ کر 50 ہزار ارب کمائے: خالد مقبول صدیقی

Published On 02 February,2024 09:17 pm

حیدر آباد: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے زمین اور اپنا ضمیر بیچ کر 50ہزار ارب روپے کمائے ہیں۔

حیدر آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بینظیر کو دومرتبہ وزیراعظم بنایا پھر ہم پر ہی آپریشن شروع کر دیا گیا، پیپلزپارٹی یاد رکھنا تمہیں بخشا نہیں جائے گا، حیدر آباد والو آج تیرکے دفن ہونے کا دن ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج آپ نے پکے قلعہ کی گراؤنڈ بھر کر یہ سوچنے پر مجبور کردیا کہ جشن کہاں منائیں، آج حیدر آباد والو آپ کو دیکھ کر آپ کا دشمن اپنی موت آپ مرگیا ہے، آپ نے اپنے ساتھ پچاس پچاس، سو سو لوگ لے جا کر ووٹ ڈالنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے لوگ بلاول سے پوچھیں سندھ میں کیا کام کیا: ایم کیو ایم

انہوں نے کہا کہ دیکھ لو پاکستان والو آج حیدر آباد کو گراؤنڈ چھوٹی پڑ گئی ہے، آج یہ شہر وارننگ دینے آیا ہے آج حیدر آباد کے جیالے نکل آئے ہیں، جوخواب میں دیکھ رہے تھے وہ تعبیر حیدرآباد دے رہا ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی تمہیں چھوڑا نہیں جائے گا یہ قوم تم سے 15 سال کا حساب لےگی،15 سال تم نے ہماری مرضی کے بغیر قبضہ کیا ہو ا تھا اس کا حساب ایم کیو ایم لے گی، ہم پاکستان بنانے والوں کی اولاد ہیں اس پاکستان کو چلا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج حیدر آبادکے جلسے میں شامل ہونیوالوں نے ایم کیو ایم کے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو جتوا دیا ہے، میں آج آپ سب کو کامیابی کی مبارکباد پیش کرتاہوں۔