نیویارک (ویب ڈیسک ) امریکی طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کچھ مہاسوں کے علاج میں کینسر پیدا کرنے والا کیمیکل بینزین پایا جاتا ہے۔
امریکی لیبارٹری ویلیشیور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بعض کمپنیوں کے مہاسوں کے کچھ علاج میں کینسر پیدا کرنے والے کیمیکل بینزین کی اعلیٰ سطحوں کا انکشاف ہوا ہے جن میں ایسٹی لاڈرز کلینیک اور ٹارگٹ کا اپ اینڈ اپ شامل ہیں۔
کنیکٹی کٹ میں قائم لیب نیو ہیون نے بھی امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے پاس ایک درخواست دائر کی ہے جس میں ریگولیٹر سے مصنوعات کو واپس منگوانے، تحقیقات کرنے اور صنعت کی رہنمائی پر نظرِ ثانی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ویلیشیور نے کہا، نسخے اور کاؤنٹر پر موجود مہاسوں کے علاج کی بینزول پرآکسائیڈ مصنوعات دونوں میں بینزین نا قابلِ قبول حد تک اعلیٰ سطح پر بن سکتا ہے جو پہلے ہی بعض سن سکرین اور خشک شیمپو میں پایا گیا ہے۔
ویلیشیور نے کہا کہ بینزین کی اعلیٰ سطح نہ صرف مہاسوں کی جانچ کردہ مصنوعات میں بلکہ انکیوبیٹڈ مصنوعات کے ارد گرد کی ہوا میں بھی پائی گئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کینسر پیدا کرنے والا کارسنجن کچھ پیکجوں سے خارج ہو سکتا ہے جس کے سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہونے کا ایک ممکنہ خطرہ ہوتا ہے۔