لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب ڈرگ کنٹرول ٹیم نے چھاپے کے دوران جعلی کریمیں بنانے والا ڈرما یونٹ پکڑ لیا۔
جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پنجاب ڈرگ کنٹرول ٹیم نے لالہ زار کالونی لاہور میں قائم ڈرما یونٹ پر چھاپہ مارا تو کیمیکل ’ کلوبیٹا سول ‘جعلی ایلوپیتھک ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔
ڈریپ ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیم نے سٹاک قبضہ میں لیکر کیمیکل اور پروڈکٹس کے سیمپلز ڈی ٹی ایل میں ٹیسٹنگ کے لئے بھجوادیئے، تیارہونےو الی کریمیں لاکھوں مالیت کی تھی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اطلاع ملنے پر موقع پر جاکر ڈرمو یونٹ میں تیار کردہ پروڈکٹس کا معائنہ کیا اور فیکٹری مالک سے لائسنس طلب کیا تو مالک نے بغیر لائسنس پروڈکٹس تیار کرنے کا اعتراف کرلیا ۔
خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹری لیب، مینوفیکچرنگ یونٹ کا بھی معائنہ کیا، فیکٹری میں مختلف برانڈ کی پروڈکٹس غیر قانونی طریقے سے تیار کی جارہی تھیں،جن کمپنیوں کے پروڈکٹس تیار کی جارہی تھیں ان سے تصدیق کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروڈکٹس کو قبضہ میں لے لیا گیا، رپورٹ آنے پر کارروائی کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق جعلی ادویات کی تیاری و فروخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ بغیر لائسنس پروڈکٹس کی تیاری اور قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام نے اپیل ہے کہ وہ مستند برانڈ اور ڈاکٹر کی تجویز کردہ پروڈکٹس استعمال کریں۔