کراچی:(ویب ڈیسک )شہر قائد کے ضلع وسطی میں ڈائریا نے 2 بچوں کی جانیں نگل لیں اور درجنوں متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق ناظم آباد کے علاقے مسرت کالونی، فیروز کالونی میں گزشتہ ایک ہفتے میں وبا سے درجنوں افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید گرم موسم، آلودہ پانی پینے کی وجہ سے ڈائریا کا مرض مختلف علاقوں سے رپورٹ ہورہا ہے۔
دوسری جانب صوبائی محکمہ صحت نے ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد نمبر ایک میں یوسی 49 مسرت کالونی میں ڈائریا کی وبا کی تصدیق کرتے ہوئے2 بچوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کردی۔
متاثرہ علاقے کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بچوں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس علاقے میں آلودہ پانی کی وجہ سے وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس سے بچوں سمیت عمر رسیدہ افراد زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔
اس ضمن میں متعلقہ ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر علی مرتضی نے ایک لڑکا اور ایک چار سالہ بچی کی ہلاکت کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک مذکورہ علاقے میں 25 سے زائد افراد ڈائریا کے مرض میں مبتلا ہیں۔
ڈاکٹر علی مرتضیٰ نے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد ٹیمیں تشکیل کردینے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں، پینے کے پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہونے سے ہیضے کی وبا پھیلی ہے۔
واضح رہے ماضی قریب میں بھی شہر قائد میں ڈینگی ، خسرہ اور آشوب چشم جیسی وبائیں پھیل چکی ہیں۔