لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں آج ’’یومِ صحت‘‘ منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں کو بیماریوں سے بچانے اور صحت مندانہ سرگرمیوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی صحت کا عالمی دن ہر سال اپریل کی 7 تاریخ کو منایا جاتا ہے۔
ٹھیک ہی کہا جاتا ہے کہ ’’تندرستی ہزار نعمت ہے‘‘کیونکہ دنیا بھر میں آج لاکھوں لوگوں کی صحت کا حق تیزی سے خطرے میں آ رہا ہے، مختلف بیماریاں اور آفات موت اور معذوری کی بڑی وجہ بنتے ہیں، لڑائی جھگڑے موت، درد اور بھوک نفسیاتی پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔
اقوام متحدہ نے اس سال ’’میری صحت، میرا حق‘‘ کے موضوع کا انتخاب اسی لئے کیا ہے کہ ہر شہری کو پینے کا صاف پانی، صاف ہوا، اچھی غذائیت، معیاری رہائش، کام کیلئے ماحولیاتی حالات ملیں اور امتیازی سلوک سے ہر کسی کو آزادی نصیب ہو۔
دنیا بھر کے ممالک اپنے آئین میں صحت کو انسانی حق کے طور پر تسلیم کرتے ہیں، اس کے باوجود اپنے شہریوں تک صحت کی مکمل خدمات پہنچانے کو یقینی نہیں بنا پا رہے، فصلوں کی باقیات اور ایندھن کا زیادہ جلایا جانا بھی صاف ہوا میں سانس لینے کا ہمارا حق چھین رہا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ نیند اور ورزش میں کمی، وقت پر نہ کھانے، زیادہ اور غیر معیاری خوراک استعمال کرنے سے صحت کو سخت نقصان پہنچتا ہے، دل کے عارضے، ذیابیطس، ڈپریشن، ہیپاٹائٹس اور گردے کے امراض سے بچاؤ کیلئے وقت پر کھانا اور سونا بہترین حل ہے۔
عالمی یوم صحت پر ماہرین کا پیغام ہے کہ ہم مکمل نیند لیں، صبح جلدی اٹھیں، چہل قدمی یا ورزش کریں اور ذہنی و جسمانی صحت کیلئے سماجی میل جول اپنائے رکھیں۔