کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہیموفیلیا کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن ہیمو فیلیا اور خون بہنے والی دیگر بیماریوں سے آگاہی دی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہیموفیلیا کا عالمی دن ہر سال 17 اپریل کو منایا جاتا ہے، ہیموفیلیا خون کی ایک بیماری ہے جس میں انسان کا خون بہت زیادہ پتلا ہو جاتا ہے، اس مرض میں مبتلا شخص کو خراش لگنے پر بھی خون بہنا شروع ہو جاتا ہے جو آسانی سے نہیں رکتا۔
ہیموفیلیا عام طور پر موروثی بیماری ہوتی ہے یہ ایک غیر معمولی عارضہ ہے جس کی خصوصیت خون میں جمنے والے پروٹین کی کمی ہے جس کے نتیجے میں خون بہنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، ہیموفیلیا اور خون کی بیماری میں مبتلا 75 فیصد افرادکومعلوم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کسی مرض میں مبتلا ہیں۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں 10 ہزار سے زائد بچے ہیموفیلیا کا شکار ہیں مگر بدقسمتی سے مُلک بھر میں سرکاری طور پر رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ بچوں کی درست تعداد کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔