اسحاق ڈار کا طبی تعلیم کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور

Published On 24 May,2024 09:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔

وزیر اعظم نے 20 مئی کو نائب وزیر اعظم کی کنوینئر شپ میں یہ کمیٹی تشکیل دی تھی، اجلاس کا مقصد ملک بھر میں طبی تعلیم میں اصلاحات لانا ہے۔

اجلاس میں وزیر قانون، وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے صحت، سیکرٹری صحت نے شرکت کی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ سمیت پبلک پرائیویٹ اداروں کے سربراہان اور میڈیکل سیکٹر کے ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملک میں طبی تعلیم کے خلا کو دور کرنے کے لیے کمیٹی کی اہم ذمہ داری پر زور دیا، اسحاق ڈار نے میڈیکل طلباء کیلئے صحت کے شعبے میں سازگار ماحول کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے تمام صوبوں میں طبی تعلیم کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔